بھونگیر کی اراضی کا سروے نمبر تبدیل، گزٹ منسوخ کرنے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔/7جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں جعلی این او سی کا اسکام ابھی تحقیقات کے مرحلہ میں ہی ہے کہ ایک اور اسکام منظر عام پر آیا ہے۔ بھونگیر میں ایک وقف اراضی کے سروے نمبرات کو تبدیل کرتے ہوئے بورڈ کی منظوری کے بغیر گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اس معاملہ کا انکشاف بورڈ کے حکام کو تاخیر سے ہوا۔ جس کے بعد صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اراضی کے تحفظ میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے سابق میں جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کی تنسیخ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کی جگہ نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھونگیر ضلع کی جامع مسجد کے تحت مختلف سروے نمبرات کے تحت اوقافی اراضی موجود ہے ۔ سروے نمبرات کا سیریل نمبر ایک سے آغاز ہوتا ہے لیکن وقف مافیا کی ملی بھگت کے ذریعہ اسوقت کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے مبینہ طور پر ایک ایراٹا جاری کیا جس میں سروے نمبر 34 کو 3-4 کردیا گیا جو وقف ریکارڈ کے مطابق نہیں ہے۔ ایراٹا کی اجرائی کے بعد 13 جولائی 2017 کو گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وقف ریکارڈ سے جب اس معاملہ کی جانچ کی گئی تو سروے نمبرات میں غلطی کا انکشاف ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے مروجہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بورڈ یا صدرنشین سے منظوری حاصل کئے بغیر ہی وضاحتی گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی عمل میں لائی۔ یہ کارروائی کئی شبہات کو جنم دیتی ہے۔ اس معاملہ کے منظر عام پر آنے کے بعد صدر نشین وقف بورڈ نے آج بورڈ کے ارکان کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور13 جولائی 2017کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کی تنسیخ کا فیصلہ کیا گیا۔ قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد کمشنر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری کو مکتوب روانہ کیا جائے گا تاکہ نیا گزٹ جاری کیا جائے جس کے تحت اوقافی اراضی کا تحفظ ہوسکے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ گزٹ نوٹیفکیشن کی تبدیلی اور نئے گزٹ کی اجرائی کے مزید واقعات کا پتہ چلانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ اسی دوران بورڈ کے اجلاس میں بعض ارکان نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر سے خواہش کی کہ وہ وقف بورڈ کے اُمور کیلئے زائد وقت دیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری کے سبب شاہنواز قاسم وقف بورڈ کیلئے زائد وقت نہیں دے پارہے ہیں۔ ارکان نے شکایت کی کہ فائیلوں کی یکسوئی میں تاخیر کے علاوہ وقف بورڈ کے فیصلوں پر عمل آوری کی پروسیڈنگ کی اجرائی میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ شاہنواز قاسم نے تیقن دیا کہ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ وقت دے کر فائیلوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنائیں۔