وقف بورڈ میں ائمہ اور مؤذنین کا شعبہ آن لائین کردیا گیا

شاہنواز قاسم کی خصوصی دلچسپی ، شعبہ قضات بھی اندرون ایک ماہ آن لائین ہوجائے گا
حیدرآباد ۔ 20۔ستمبر (سیاست نیوز) ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ تلنگانہ وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس کی مساعی سے ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے جملہ امور کو آن لائین کردیا گیا ہے۔ آن لائین کا کام آج مکمل ہوگیا، اس طرح وقف بورڈ میں ائمہ اور مؤذنین سے متعلق اہم شعبہ ٹکنالوجی سے لیس ہوچکا ہے جس کے سبب ائمہ اور مؤذنین کو درخواستوں کے ادخال اور دیگر معلومات کیلئے وقف بورڈ پہنچنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ وہ گھر بیٹھے آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں اور انہیں اعزازیہ کی رقم بھی آن لائین بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کا شعبہ مینویل کام کر رہا تھا جس میں 7 تا 8 ملازمین کو شامل کیا گیا تھا۔ ان ملازمین کو درخواستوں کی یکسوئی اور شکایات کے سلسلہ میں معلومات حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا تھا۔ 8000 سے زائد درخواستوں میں کسی ایک کی شکایت کا جائزہ لینے میں تاخیر ہورہی تھی، اس مشکل صورتحال کو دیکھتے ہوئے شاہنواز قاسم نے ترجیحی بنیادوں پر اس شعبہ کو آن لائین کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور یہ کام آج مکمل ہوگیا۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ تمام درخواست گزاروں کی تفصیلات ، اکاؤنٹس نمبرس اور دیگر ضروری معلومات کمپیوٹر میں دستیاب رہیں گی جس کے سبب ماہانہ درخواستوں کی یکسوئی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو ائمہ اور مؤذنین کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے ساتھ منظورہ رقم جاری کردی جائے گی اور وہاں سے یہ رقم ائمہ اور مؤذنین کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے گی۔ بینک سے ائمہ اور مؤذنین کو ایس ایم ایس بھی روانہ کیا جائے گا جس میں رقم کی منتقلی کی اطلاع رہے گی۔ اس شعبہ کو ٹکنالوجی سے وابستہ کرنے کے سبب ملازمین کی تعداد میں کمی واقع ہوگی۔ کسی بھی درخواست گزار کے بارے میں تفصیلات چند سکنڈس میں حاصل ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 200 سے 300 ایسے ائمہ اور مؤذنین ہیں جنہوں نے بینک کا کوڈ نمبر غلط درج کیا ہے جس کے سبب انہیں اعزازیہ کی رقم کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو بیالنس اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے سے بینک گریز کرتے ہیں۔ لہذا ائمہ اور مؤذنین کو اپنے اکاؤنٹ میں کم از کم معمولی رقم رکھنی چاہئے ۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اعزازیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں فنڈس حاصل ہوچکا ہے۔ ابھی تک جولائی تک اعزازیہ جاری کیا گیا تھا اور اگست کی رقم کی اجرائی کا کام جاری ہے۔ جو اندرون ایک ہفتہ مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ اعزازیہ کی رقم کو 1500 سے بڑھاکر 5000 کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا جس پر ستمبر سے عمل آوری ہوگی ۔ حکومت نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 8000 سے زائد درخواستیں وقف بورڈ کو موصول ہوئی ہیں اور توقع ہے کہ یہ اعزازیہ کی رقم میں اضافہ سے درخواستوں کی تعداد بڑھ کر 10,000 ہوجائے گی۔ شاہنواز قاسم نے وقف بورڈ کو ٹکنالوجی سے وابستہ کرنے کیلئے ’’رابطہ‘‘ کے عنوان سے کمپیوٹرائزیشن کا کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون ایک ماہ شعبہ قضات کو مکمل آن لائین کردیا جائے گا جس کے بعد کوئی بھی شخص گھر بیٹھے سرٹیفکٹ کیلئے آن لائین درخواست داخل کرسکتا ہے اور مقررہ وقت پر پہنچ کر سرٹیفک حاصل کرلے گا۔ امیدواروں کو وقف بورڈ پہنچنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اگر امیدوار چاہیں تو انہیں سرٹیفکٹس بذریعہ پوسٹ روانہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کو مہربند کئے جانے کے بعد اسنادات کی اسکیاننگ کا کام شروع کیا گیا۔ 50,000 سے زائد دستاویزات کی اسکیاننگ مکمل ہوچکی ہے اور آئندہ 6 ماہ میں تقریباً 80 فیصد اسنادات کی اسکیاننگ مکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی تمام فائلز کمپیوٹرائزڈ ہوچکی ہے اور ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ مزید شعبہ جات کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی ۔