وقف بورڈ ملازمین کو خصوصی ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ

ماہر ٹرینر بی ستیہ پرساد کی خدمات کا حصول ، اسپیشل آفیسر جلال الدین اکبر کی اہم پیشرفت
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کی بہتر کارکردگی، ورک کلچر کے نفاذ اور ملازمین میں جوابدہی کا احساس پیدا کرنے کیلئے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر نے اہم پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ میں اصلاحات پر عمل آوری کے پہلے قدم کے طور پر ملازمین کو ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آج آغاز ہوگیا۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ماہر ٹرینر بی ستیہ پرساد کی خدمات حاصل کرتے ہوئے وقف بورڈ کے ملازمین کی دو روزہ ٹریننگ کا آج آغاز ہوا۔ ملازمین کے پہلے بیاچ کو دو دن ٹریننگ دی جائے گی اور پہلے بیاچ میں جونیر اسسٹنٹ درجہ کے ملازمین شامل ہیں۔ مسٹر ڈی ستیہ پرساد آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی ٹریننگ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے ادارہ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ان کی خدمات حاصل کیں اور ٹریننگ کے پہلے دن ستیہ پرساد نے وقف بورڈ ملازمین کو ان کی ذمہ داریوں اور دفتری اُمور کی تکمیل کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے ملازمین میں ذمہ داری اور جوابدہی کے احساس کی ضرورت پر زور دیا۔ دو دن کی ٹریننگ کے بعد دوسرے بیاچ کی ٹریننگ کا آغاز ہوگا جس میں وقف بورڈ کے عہدیدار، سپرنٹنڈنٹس اور سینئر اسسٹنٹس شامل ہوں گے۔ ستیہ پرساد نے ملازمین کو دفتر کے روز مرہ کے کام کاج کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو یہ جان لینا چاہیئے کہ وہ عوامی خدمت گذار ہیں اور عوام کے ساتھ ان کا سلوک انتہائی مخلصانہ اور تعاون پر مبنی ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری ملازمین ، عوام کے مسائل حل کرتے ہیں تو یہ عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ ذمہ داری کا حصہ ہے۔ جمہوریت میں عوام ہی حقیقی مالک ہوتے ہیں۔ انہوں نے ملازمین سے کہاکہ عوامی خدمت کیلئے ہی انہیں حکومت تنخواہ ادا کررہی ہے۔ ملازمین کو چاہیئے کہ وہ اپنے متعلقہ ادارہ کے مقاصد اور ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اس کے مطابق کام انجام دیں۔ ہر ادارہ کی ایک ذمہ داری ہوتی ہے اور اسی طرح وقف بورڈ کا کام اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ہے۔ ستیہ پرساد نے دفتر میں ڈسپلن، صفائی اور ملازمین اور عہدیداروں کے درمیان بہتر تال میل، ایک دوسرے کے ادب و احترام جیسے اُمور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کیلئے اوقات کار اگرچہ مقرر کئے گئے ہیں لیکن پبلک سرونٹ کی حیثیت سے حکومت انہیں 24گھنٹے میں کسی بھی وقت طلب کرسکتی ہے۔ انہوں نے عوامی شکایات کی وصولی، سرکاری مراسلت، فائیلوں کی تیاری اور عہدیداروں کو قواعد کے طریقہ کار سے واقف کرانے جیسے اہم اُمور سے آگاہ کیا۔انہوں نے فائیلوں سے متعلق الماریوں کے نظم اور اس میں فائیلوں کو رکھے جانے کے طریقہ کار کی تربیت دی تاکہ کسی بھی فائیل کو منٹوں میں تلاش کیا جاسکے۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) نے خیرمقدمی تقریر کی اور ملازمین سے کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد وقف بورڈ میں ڈسپلن اور ورک کلچر قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ٹریننگ کے ذریعہ نہ صرف کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے بلکہ شکایات کی عاجلانہ یکسوئی میں مدد ملے گی۔