وقف بورڈ اور شعبہ قضاۃ میں بروکرس اور درمیانی افراد کو انتباہ

چیرمین الحاج محمد سلیم کا دورہ بورڈ، عوام اور درخواست گذاروں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے آج وقف بورڈ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے محکمہ قضاۃ کے معائنہ کے دوران درخواست گزاروں کے مسائل کی سماعت کی اور اعلان کیا کہ سرٹیفکٹس کے حصول کیلئے درخواستوں کے ادخال کے وقت میں دو گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ موجودہ ایک کاؤنٹر کی جگہ دو کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ عوام کو سرٹیفکٹس کے حصول میں دشواری نہ ہو۔ شعبہ قضاۃ میں میاریج اور دیگر سرٹیفکٹس کے لئے درخواستیں ایک بجے دن تک قبول کی جاتی ہیں۔ درخواست گزاروں نے صدرنشین وقف بورڈ سے شکایت کی کہ ایک بجے تک کا وقت تکلیف دہ ہے کیونکہ سرٹیفکٹ کیلئے دور دراز اور اضلاع سے لوگ حج ہاؤز پہنچتے ہیں۔ ان کے پہنچنے تک کاؤنٹر بند ہوجاتا ہے ۔ جناب محمد سلیم نے درخواستوں کی اصولی کے وقت کو بڑھاکر 3 بجے سہ پہر کرنے کی ہدایت دی اور اس پر آج سے ہی عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے اسٹاف سے بات چیت اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ صدرنشین نے کاؤنٹر میں اضافہ کے ذریعہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اور خاص طور پر شعبہ قضاۃ میں بروکرس اور درمیانی افراد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ جو بھی اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہوں گے ، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر یہ شکایات مل رہی ہیں کہ بعض اندرونی افراد کی ملی بھگت سے بروکرس بھاری رقومات حاصل کرتے ہوئے سرٹیفکٹس کی اجرائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات پر گہری نظر رکھی جائے گی ۔ صدرنشین نے پہلی منزل پر واقع مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے ریکارڈ سیکشن میں فائلوں کے تحفظ کے لئے فل پروف اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے ، لہذا ریکارڈ سیکشن کو بہتر بنایا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جائیداد سے متعلق ریکارڈ فوری طور پر حاصل ہونا چاہئے ۔ اس کیلئے باقاعدہ نظم ہونا چاہئے تاکہ ادارہ کے نام کے ساتھ ہی ریکارڈ کی نشاندہی ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف ریکارڈ کے کمپیوٹرائزیشن کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ انہوں نے دنیاوی اغراض کے لئے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے وقف بورڈ کی صدرنشین کی حیثیت سے ذمہ داری کو قبول کیا ہے اور وہ اللہ کی امانت کے تحفظ میں کوئی خیانت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقف بورڈ سے کوئی مراعات حاصل کئے بغیر اپنے خرچ سے اخراجات کی تکمیل کریں گے ۔