وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری

موسم خوشگوار ‘ در جہ حرارت میں کمی ‘ 13.1 ملی میٹر بارش
ورنگل اور نظام آباد میں حادثات : 3 افراد ہلاک
حیدرآباد 12 اپریل ( سیاست نیوز )شہر میں ہفتہ کی شام سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کی صبح موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ کل شام سے ہونے والی بارش کے نتیجہ میں عوام کو شدید گرمی سے راحت ملی ہے اور موسم بھی جو انتہائی گرم ہوگیا تھا خوشگوار ہوگیا ہے ۔ بارش کے علاوہ ہواؤں کا سلسلہ بھی جا ری ہے اور درجہ حرارت میں بھی گراوٹ درج کی گئی ہے ۔ شہر کے کچھ نشیبی علاقوں میں بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوجانے کی شکایات بھی ملی ہیں۔ سڑکوں پر اور بعض مقامات پر گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا تھا ۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع دیکھا گیا جن کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوئی تاہم آج اتوار ہونے کی وجہ سے زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب جملہ 13.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کے اضلاع میں ہفتہ کی شام سے ہو رہی وقفہ وقفہ سے بارش کے نتیجہ میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک میاں بیوی بھی شامل ہیں۔ ہفتہ کی شام سے تلنگانہ کے اضلاع میں مسلسل بارش ہو رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک جوڑا اس وقت ہلاک ہوگیا جب ورنگل میں اتوار کی صبح اس نے برقی تار کو چھولیا ۔ ان کی 50 سالہ رمیش اور ان کی 42 سالہ شریک حیات راجیہ لکشمی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ جوڑا آج صبح جاگنے کے بعد اپنے گھر سے باہر آیا اور رات میں تیز بارش اور ہواؤں کی وجہ سے گرے برقی تار کی زد میں آگیا ۔ یہاں کئی افراد جمع ہوگئے تھے ۔ نظام آباد سے موصولہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک 60 سالہ خاتون یمنا بائی اس وقت ہلاک ہوگئی جب اس کے گھر کا ایک سمنٹ سلاب اچانک گرگیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ سلاب اس خاتون کے سرپر گرا جس کی وجہ سے وہ فوت ہوگئی ۔