سپرنٹنڈنٹ پولیس کی معطلی کا مطالبہ،انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہونے نارائن ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے وقار آباد ضلع کے نواب پیٹ منڈل میں ٹی آر ایس رکن اسمبلی یادیا اور ان کے حامیوں کی جانب سے کانگریس قائدین پر حملہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کی رائے دہی کے موقع پر بے قاعدگیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی غیر جمہوری حکمرانی جاری ہے۔ انتخابی بے قاعدگیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین پر حملہ کے خلاف وہ انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی کریں گی۔ نارائن ریڈی نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کارکنوں کی تائید کی۔ انہوں نے وقار آباد کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پولیس نے ٹی آر ایس کارکنوں کا رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کا بہتر مظاہرہ رہے گا۔