وقارآباد میں دو گروپوں میں تصادم

ایک ہلاک ‘ تین زخمی ‘ معمولی بات پر ہنگامہ آرائی
حیدرآباد ۔ 5؍ اکٹوبر ( پی ٹی آئی) شہر کے پڑوسی ضلع رنگاریڈی میں آج ایک معمولی مسئلہ پر دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں ایک 50 سالہ شخص ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ۔ وقارآباد کے ڈی ایس پی نرسملو نے کہا کہ یہ واقعہ آج شام وقارآباد ٹاون کے کوتہ گڑی علاقہ میں پیش آیا ‘ جہاں دو گروپوں نے معمولی مسئلہ پر ایک دوسرے سے جھگڑا کرلیا ۔ جھگڑے کے دوران 50 سالہ ایم چندریا کے سر پر لاٹھی سے مارا گیا اور وہ سر پر زخموں کے سبب فوت ہوگیا ۔ دیگر زخمیوں میں چندریا کے بیٹے کے علاوہ دو ملزمین بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھگڑا منصوبہ بند نہیں تھا لیکن معمولی بات پر ہونے والے جھگڑے میں ایک شخص اپنی جان سے محروم ہوگیا ۔ زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے اور ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے ۔