واچ مین پر حملہ کا الزام، متاثرہ شخص کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد 3ستمبر (یواین آئی )تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے ایس پی نے کہا ہے کہ واچ مین پر حملہ کے معاملہ میں وقارآباد کے سرکل انسپکٹر وینو گوپال ‘ ان کے بیٹے سمیت چار کانسٹبلس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملات درج کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز وقارآباد پولیس کے کانسٹبلس نے انسپکٹر کے بیٹے کے ساتھ مل کر حیدرآباد کے سعیدآباد میں ایک اپارٹمنٹ کے واچ مین پر حملہ کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق سعیدآباد کے کرن باغ کالونی میں واقع ڈی آر آر اپارٹمنٹ سے متصل اپارٹمنٹ میں وقارآباد اسپیشل برانچ کے انسپکٹر وینوگوپال راجو کا بیٹا پرتھوی راج مقیم ہے ۔ دو دن پہلے واچ مین امرت حالت نشہ میں اپنی بیوی سے جھگڑا کررہا تھا جس پر پرتھوی راج نے پڑھائی میں خلل کی شکایت کرتے ہوئے جھگڑا کیا ۔ اس جھگڑے کے بعد پرتھوی راج نے پولیس سے واچ مین کے خلاف شکایت کی ۔ اس واقعہ کے دوسرے دن گزشتہ روز وقارآباد پولیس کے ایک سب انسپکٹر اور چار کانسٹبلس امرت کے پاس پہونچے جنہوں نے اسے زدوکوب کرتے ہوئے سعیدآباد پولیس کے حوالہ کیا ۔ اپارٹمنٹ میں رہنے والوں نے ملازمین پولیس پر غنڈہ گردی کا الزام لگایا تھا ۔ واچ مین کی شکایت پر پولیس نے یہ معاملہ درج کیا تھا ۔