’ کانگریس کے بغیر کوئی محاذ ناممکن ‘ ممتا بنرجی کے بعد کنی موزی نے بھی امیدوں پر پانی پھیر دیا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ کنی موزی نے کانگریس سے اتحاد ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔اور کہا کہ کانگریس کے بغیر بی جے پی کے خلاف متبادل تیار کرنا نا ممکن ہے ۔ کے سی آر کے ساتھ صرف مہمان نوازی کی گئی مگر ان کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے فرنٹ میں شامل ہونے کے لیے ڈی ایم کے تیار نہیں ہے اور نہ ہی ڈی ایم کے کانگریس سے تعلقات ختم کرلینے کا کوئی ارادہ رکھتی ہے ۔ تھرڈ فرنٹ یا فیڈرل فرنٹ کی تشکیل کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ کولکتہ پہونچ کر چیف منسٹر مغربی بنگال ، بنگلور ، پہونچکر جے ڈی ایس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم دیوے گوڑا چینائی پہونچکر ڈی ایم کے سربراہ سابق چیف منسٹر کروناندھی ان کے فرزند اسٹالن اور دختر کنی موزی سے ملاقات کرچکے ہیں ۔ سماج وادی پارٹی کے صدر و سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو حیدرآباد پہونچکر چیف منسٹر تلنگانہ سے تبادلہ خیال کیا ۔ کے سی آر نے کانگریس اور بی جے پی کے خلاف متبادل فرنٹ تیار کرنے کے لیے تمام قائدین سے تعاون طلب کیا ۔ کرناٹک میں انتخابات کے پیش نظر سیاسی مصلحت کے طور پر صرف دیوے گوڑا نے اس کی تائید کی ہے ۔ باقی دوسرے قائدین نے کانگریس کے بغیر فرنٹ کی تشکیل کو ناممکن قرار دیتے ہوئے کے سی آر کو مایوس کردیا ۔ آج کنی موزی نے کہا کہ ڈی ایم کے کانگریس کی حلیف جماعت ہے اور ڈی ایم کے کا کانگریس سے اتحاد برقرار رہے گا ۔ کے سی آر سے ملاقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایم کے نے مہمان نوازی ادا کی ہے ۔ مگر فرنٹ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔ سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری ، سربراہ تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو اور اڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک نے بھی تھرڈ فرنٹ یا فیڈرل فرنٹ کو مسترد کردیا ہے ۔۔