کانگریس اصول کی خلاف ورزی ناقابل برداشت ، صدر تلنگانہ پی سی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی و کونسل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ پارٹی میں ڈسپلن شکنی کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ تاہم عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوامی مسائل کو حل کرنے اور انتخابی منشور کے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے دوسری جماعتوں کے منتخبہ ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ کانگریس سے وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان اسمبلی و کونسل کو عوام سبق سکھائیں گے ۔ کانگریس پارٹی ان ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کے لیے اسپیکر اسمبلی اور صدر نشین کونسل سے نمائندگی کرچکی ہے ۔ ضرورت پڑنے پر اس مسئلہ کو ایوانوں میں اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی صدی تاریخ رکھنے والی جماعت چند افراد کے پارٹی چھوڑنے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ بلکہ پارٹی میں دوسرے درجہ کے قائدین کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع فراہم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ شخصیتوں سے پارٹی نہیں ہے بلکہ پارٹی سے شخصیتیں ہیں جو بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف پارٹی سخت کارروائی کرے گی ۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ سابق ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے ان کی خدمات سے استفادہ نہ اٹھانے کی شکایت پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ سابق ارکان پارلیمنٹ پارٹی کے استحکام کے لیے اپنی خدمات کا پیشکش کررہے ہیں ۔ مستقبل میں پارٹی کے جو بھی پروگرامس ہوں گے اس میں انہیں ضرور مدعو کیا جائے گا ۔ رابطہ کمیٹی میں انہیں نمائندگی نہ ملنے کی بھی ارکان پارلیمنٹ اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے شکایت کی ہے ۔ جس کو وہ ہائی کمان تک پہونچا دیں گے ۔۔