وظیفہ یاب ملازمین اب چھوٹ جانے والی ترقی کے مستحق

نئی دہلی۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ وظیفہ یاب سرکاری ملازمین جنھیں مستحقہ ترقی حاصل نہیں ہوسکی تھی، کیونکہ اس کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کا اجلاس تاخیر سے منعقد ہوا تھا، اب اس ترقی کے مابعد وظیفہ پر سبکدوشی بھی مستحق ہوں گے۔ محکمہ پرسونل و ٹریننگ (ڈی او پی ٹی) نے کہا کہ تمام وزارتوں اور محکموں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی (ڈی پی سی) کے تاخیر سے اجلاس کے نتیجہ میں اگر کسی سرکاری ملازم کی ترقی چھوٹ گئی ہو تو وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد بھی وہ اس کا فائدہ حاصل کرسکتا ہے۔ اس کے نتیجہ میں اگر جونیئرس کو ترقی دی گئی ہو تو ان کے معاملہ پر غور کرنے بروقت ڈی پی سی کا اجلاس منعقد کیا جائے۔

دہلی پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش
نئی دہلی۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ این آئی اے نے سفارش کی ہے کہ کم از کم دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ کے 5 عہدیداروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے جنھوں نے مبینہ طور پر کشمیر کے متوطن ایک شخص کے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ تیار کیا تھا اور اسے حزب المجاہدین دہشت گرد گروپ کا خودکش حملہ آور ظاہر کیا تھا۔ ان عہدیداروں میں اے سی پی رتبہ کا ایک اور انسپکٹر کے رتبہ کے چند عہدیدار شامل ہیں جنھوں نے مبینہ طور پر اسلم ہلکا کے خلاف سازش کی تھی جو لیاقت شاہ متوطن لولاب (شمالی کشمیر) کا استقبال کرنے گیا تھا۔ این آئی اے نے اس سلسلہ میں ایک رپورٹ دہلی پولیس کے انسداد دہشت گردی شعبہ کو روانہ کردی ہے اور بھاری جرمانے کے ساتھ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔