وظیفہ یابوں کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن

تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس اسوسی ایشن کے کیلنڈر کا رسم اجراء ، دیوی پرساد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس کی جانب سے آج پریس کلب بشیر باغ میں کیلنڈر 2018 کی رسم رونمائی مسٹر بی دیوی پرساد راؤ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ بیوریجس کارپوریشن لمٹیڈ کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ جس میں دونوں شہروں سے وابستہ وظیفہ یاب مرد و خواتین جنہوں نے حکومت کے مختلف محکموں میں اپنے فرائض انجام دئیے ہیں شرکت کی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شری نونیت راؤ آرگنائزنگ سکریٹری اسوسی ایشن نے شرکت کی ۔ یوگیندرا ریڈی جنرل سکریٹری اسوسی ایشن نے خیر مقدم کیا اور کہا کہ تلنگانہ کے علحدہ ہونے کے بعد وظیفہ یابوں کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ واضح رہے کہ متحدہ آندھرا پردیش کے وقت وظیفہ یابوں کے لیے حکومت نے بھوپنا پلی ، گچی باولی میں ہاوزنگ کوآپریٹیو سوسائٹی کے ذریعہ مکانات کی فراہمی کا یقین دلوایا تھا ۔ اور اس وقت وظیفہ یابوں سے روپئے وصول بھی کئے گئے لیکن ابھی تک اس مقام پر مکانات کی تعمیر یا اراضی کے دینے کا معاملہ زیر التواء ہے ۔ اس اجلاس میں اس بات سے واقف کروایا گیا کہ علحدہ تلنگانہ ہوئے اتنے عرصہ کے باوجود آج بھی آندھرائی لابی اس معاملہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے ۔ اس لیے ان وظیفہ یابوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ فوری اس کی یکسوئی کی جائے ۔ مسٹر دیوی پرساد راؤ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ بیوریجس کارپوریشن لمیٹیڈ نے کہا کہ حکومت وظیفہ یابوں کے تمام معاملات کی یکسوئی کرے گی اور کہا کہ وظیفہ یابوں کے علاج و معالجہ کے لیے شہر اور اضلاع میں ویلنس سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ مسٹر نونیت راؤ جنرل سکریٹری کارپوریشن نے کہا کہ جو تنظیمیں آج ملازمین کی کام کررہی ہیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وظیفہ میں 15 فیصد کا اضافہ کیا جائے ۔ اس لیے کہ ان دنوں جو مہنگائی ہے اس سے پورا کیا جاسکے ۔ محترمہ سوریا کلاء نے کہا کہ گچی باولی اراضی سے متعلق چیف منسٹر تلنگانہ سے نمائندگی کر کے صورت حال سے واقف کروایا جائے گا ۔ کے کمرلی صدر اسوسی ایشن حیدرآباد نے بھی اسوسی ایشن کے آئندہ منصوبہ بندی سے واقف کروایا ۔۔