وظیفہ یابوں کی اسکریننگ کی مخالفت : وائی ایس آر کانگریس

حیدرآباد 18 ستمبر ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھرا پردیش میں وظیفہ یابوں کی اسکریننگ کی مخالفت کی ہے اور الزام عائد کیا کہ تلگودیشم حکومت خفیہ ایجنڈہ پر عمل کر رہی ہے ۔ پارٹی ترجمان وی پدما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت کے اس اقدام کا مقصد وظیفہ یابوں کی تعداد میں کمی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے منڈل سطح سے اہل وظیفہ یابوں کا پتہ چلانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے ایک جی او جایر کردیا ہے ۔ اس کا مقصد موجودہ وظیفہ یابوں کی تعداد میں کمی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی تلگودیشم حکومت کے اس اقدام کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور اس کامطالبہ ہے کہ اس جی او سے فوری دستبرداری اختیار کرلی جائے ۔