وظیفہ یابوں کو ماہانہ اقساط پر مکان فراہم کرنے چیف منسٹر سے مطالبہ

حیدرآباد۔/17 جون، ( پریس نوٹ ) تلنگانہ پنشنرس سنٹرل اسوسی ایشن کے صدر جناب غلام محمد نے بتایا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو دوران ملازمت کرایہ مکان ادا کرتی ہے یا سرکاری مکان میں رہنے کی سہولت فراہم کرتی ہے لیکن ملازمت سے سبکدوشی کے بعد یہ سہولت وظیفہ یابوں کو حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے وظیفہ یاب متفکر ہیں اور ملازمت سے سبکدوشی کے بعد ماہانہ کرایہ کے مکان میں مقیم ہیں اور وظیفہ کی ماہانہ قلیل آمدنی میں سے نصف سے زیادہ رقم مکان کے کرایہ میںا دا کرنا پڑتاہے اس کے علاوہ وظیفہ یاب حضرات بازار کی قیمت ادا کرکے زمین خرید کر مکان تعمیر کرواسکتے ہیں اور نہ ہی مکا ن خرید سکتے ہیں۔ اس لئے چیف منسٹر ان تمام متذکرہ بنیادی باتوں کو پیش نظر رکھ کر گہرائی کے ساتھ جائزہ لیکر دستوری حق کے مطابق وظیفہ یابوں کو ماہانہ کمترین اقساط پر ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کریں تو باعث راحت ہے لہذا تلنگانہ پنشنرس سنٹرل اسوسی ایشن کے عہدیداران اور اراکین نے چیف منسٹر تلنگانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وظیفہ یابوں کو ماہانہ کمترین اقساط پر ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کریں تو ان کا یہ اقدام مثالی ہوگا۔