وظیفہ پر سبکدوشی کے باوجود 14 سال سے پنشن کے منتظر

وقار احمد انصاری دفاتر کے چکر لگاتے ہوئے ضعیف ہوگئے
حیدرآباد /28 جولائی ( سیاست نیوز ) حکومت ایک طرف سماجی انصاف کا دعوی کرتی ہے تو دوسری طرف متعدد ناانصافیوں کی شکاتیں منظر عام پر آرہی ہیں ۔ اس کی ایک مثال جناب وقار احمد انصاری کی ہے جو کہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا تارناکہ حبشی گوڑہ سے 30 ستمبر 2001 کو وظیفہ پر سیول میتری کی حیثیت سے سبکدوش ہوگئے تاہم آج تک ان کا وظیفہ منظور نہیں کیا گیا جبکہ ان کا تقرر ایف سی آئی حکومت ہند دہلی سے منظور کردہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضعیفی کے باعث ان کا گذر بسر انتہائی مشکل ہوگیاہے جبکہ وہ ایک عرصہ دراز تک محکمہ میں خدمات انجام دیں لیکن ان کے ساتھ انصاف نہیں کیاگیا ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے خواہش کی کہ وہ ان کی وظیفہ کو فوری منظور کریں تاکہ ان کے اخراجات پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ چونکہ برسوں سے حصول انصاف کیلئے دفاتر کے مسلسل چکر لگا رہے ہیں ۔ لیکن اب وہ چلنے اور پھرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ان کی عمر اس قابل نہیں ہے ۔ لہذا حکومت ان کے ساتھ فوری انصاف رسانی کریں ۔