وشویشور ریڈی کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد

حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس کے چیوڑلہ ایم پی کونڈہ وشویشور ریڈی کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کو عدالت نے مسترد کردیا ہے۔ گچی باؤلی پولیس کے سب انسپکٹر کے کرشنا اور ایک ہیڈ کانسٹبل کو 16 اپریل کو ان کے مکان میں جبراً محروس کرنے پر پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وشویشور ریڈی نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری داخل کی تھی جس کی استغاثہ نے مخالفت کی۔ عدالت نے وکیل دفاع اور سرکاری وکیل کے مباحث کے بعد وشویشور ریڈی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ واضح رہے کہ پارلیمانی انتخابات کے دوران کے سندیپ ریڈی کو گچی باؤلی علاقہ میں 10 لاکھ روپئے نقد کے ساتھ پولیس نے گرفتار کرلیا تھا اور بعض دستاویزات بھی برآمد کئے تھے جس پر پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات کے دوران رائے دہندوں میں تقسیم کی جانے والی رقم کو ضبط کیا ہے۔