جوبلی ہلز میں کانگریسی امیدوار کو عوام کی زبردست تائید،عوام کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ رکھنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے کانگریسی امیدوار وشنو وردھن ریڈی کو عوام کے تمام طبقات کی تائید و حمایت حاصل ہے ۔ وشنو اپنے حلقہ کے تمام علاقوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے آج جوبلی ہلز کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر عوام نے ان کے آنجہانی والد پی جناردھن ریڈی کی عوامی خدمات کی یادیں تازہ کیں ۔ جس پر وشنو وردھن ریڈی نے انہیں تیقن دیا کہ وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے ۔ اور فرقہ پرستوں کو ابھرنے کا کوئی موقع نہیں دیں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ وشنو وردھن ریڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں عوام کے تمام طبقات کی تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے ہمیشہ بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی خدمت کی ہے خاص کر اقلیتوں کی بہبود پر توجہ دی ہے ۔ اپنے انتخاب کے بعد وہ اپنے حلقہ کی مسلم آبادی کے لیے متعدد بہبودی اقدامات کریں گے اور اپنے کچھ منصوبوں پر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے ۔ عوام کی موثر نمائندگی کریں گے ۔ ان کا حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز تلنگانہ کے تمام حلقوں میں مثالی حلقہ ہوگا ۔ وشنو وردھن ریڈی کے مطابق عوام ہی ان کی طاقت ہے ۔ عوام ان کے ساتھ ہیں اور عوام ہی انہیں کامیاب بنائیں گے ۔ وشنو وردھن ریڈی نے مزید بتایا کہ انہوں نے آج رحمت نگر ، ایس پی آر ہلز ، راجیو گاندھی نگر ، ہنومان ٹمپل ، آروگیہ نگر ، نندو نگر ، شیو گنگا نگر ، ٹی انجیا نگر فیس 2 ، سلیم بابا نگر ، سری رام نگر اور دوسری بستیوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ جہاں عوام نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے انہیں کامیاب بنانے کا تیقن دیا ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق کارپوریٹر چندراماں بھی تھے ۔ وشنو وردھن ریڈی نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے عوام کے مسائل کی یکسوئی اور ان کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔ وشنو وردھن ریڈی کے بارے میں یہ بھی اطلاعات ہیں کہ انہیں مسلم رائے دہندوں کی بھر پور تائید و حمایت حاصل ہے ۔ ان کے دل میں اپنے ان رائے دہندوں کے لیے خصوصی مقام ہے وہ اپنے والد کی ہی طرح عوام کی خدمت بجالائیں گے ۔ ان کے حلقہ میں اسکولوں ، پارکس اور پرائمری ہیلت سنٹرس کا ایک جال ہوگا ۔ دوسری جانب ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے آج وشنو وردھن ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ اور عوام سے وشنو جیسے حرکیاتی نوجوان کو منتخب کرنے کی اپیل کی ان کا کہنا تھا کہ جوبلی ہلز میں وشنو کو تمام امیدواروں پر سبقت حاصل ہے ۔۔