وشاکھا پٹنم میں دیوار منہدم : چار مزدور زندہ دفن ہوگئے

وشاکھا پٹنم 18 ستمبر ( پی ٹی آئی ) وشاکھا پٹنم میں ایک تعمیراتی سائیٹ پر دیوار منہدم ہونے کے نتیجہ میں چار مزدور زندہ دفن ہوگئے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ اس حادثہ کے بعد دو سپر وائزرس کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ وی آئی پی روڈ علاقہ میں صبح 9.10 بجے ایک تعمیراتی اسئیٹ پر پیش آیا جب ایک دیوار مزدوروں پر اس وقت گر پڑی جب وہ لوہے کی سلاخیں موڑنے کا کام کر رہے تھے ۔ یہاں ایک کمرشیل کامپلکس کی تعمیر کا کام چل رہا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ مزدور 20 فیٹ گہرے گڑھے میں کام کر رہے تھے کہ ان پر دیوار اور ملبہ گرپڑا ۔ مہلوکین کی 28 سالہ اے سومیشور راؤ ‘ 40 سالہ کے کرشنیا ‘ 23 سالہ جے رامو اور 32 سالہ پی پاٹرو کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ ایک مزدور کا تعلق سریکا کلم سے اور ایک کا اوڈیشہ سے بتایا گیا ہے ۔ ڈی سی پی لا اینڈ آرڈر ایم سرینواسلو نے کہا کہ حادثہ بلڈر کی سنگین لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔ رپورٹس کے مطابق اس تعمیراتی کامپلکس کا نقشہ چندر کانت اور دو دوسروں کے نام پر منظورہ تھا اور یہاں سیلر کے علاوہ گراونڈ پلس چار فلورس کی اجازت دی گئی تھی ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ بھانو پرکاش اور سیتارام نامی افراد کی سری وینکٹیشورا کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے یہ کام کروایا جا رہا ہے ۔ پولیس کے بموجب اس حادثہ کے بعد سے متعلقہ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ بلڈرس کے خلاف سخت ترین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ اس دوران پولیس نے دو سائیٹ سپروائزرس کو حراست میں لے لیا ہے ۔ ریاستی وزیر پنچایتی راج سی ایچ آئنا پاتروڈو اور ضلع کلکٹر این یوراج نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کیا ۔ اس حادثہ کی تحقیقات کا بھی حکم دیدیا گیا ہے ۔