وشاکھاپٹنم۔ 26 جنوری (پی ٹی آئی) وشاکھاپٹنم میں 27 جنوری سے شروع ہونے والی بحری مشقوں کے پیش نظر سٹی پولیس نے تمام شہری حدود میں 27 جنوری تا 9 فروری ڈرونس کی خانگی پروازوں پر مکمل امتناع عائد کردیا ہے۔ پولیس نے بحریہ کی مشقوں کے آغاز سے قبل کئے جانے والے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے تحت تمام غیرسرکاری اداروں، تنظیموں اور افراد کی جانب سے وشاکھاپٹنم کے فضائی حدود میں ڈرونس کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وشاکھاپٹنم پولیس کمشنر امیت گارگ نے کہا کہ ڈرونس سے سلامتی کو سنگین خطرہ لاحق رہتا ہے چنانچہ بین الاقوامی بحری مشقوں کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ ان مشقوں میں مختلف ممالک حصہ لیں گے۔ تقریباً 15,000 سکیورٹی اہلکاروں کو ساحلی علاقوں پر تعینات کیا جارہا ہے۔ ان مشقوں میں انتہائی اہم ترین شخصیات اور دیگر بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے۔