وشاکھاپٹنم ،چنائی کا ریڈار پر مرکزی حکومت سے مصارف کی تکمیل

آئندہ انتخابات میں چندرا بابو کو شکست یقینی ، چیف منسٹر اے پی کی جھوٹ بیانی ، جی وی ایل نرسمہا راؤ
حیدرآباد /19 ستمبر ( سیاست نیوز ) سینئیر بی جے پی قائد و رکن پارلیمان مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے اے پی کی تلگودیشم حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وشاکھاپٹنم ، چینائی کاریڈار کے جملہ مصارف مرکزی حکومت ہی برداشت کر رہی ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے نہ ہی رقومات مختص کئے گئے اور نہ ہی کوئی رقومات ریاستی حکومت خرچ کی ہے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مذکورہ کاریڈار پر جھوٹ بیانی کی ہے ۔ مسٹر جی وی ایل نرسمہا راؤ نے وشاکھاپٹنم چینائی کاریڈار کے مصارف حکومت آندھراپردیش کی جانب سے کئے جانے سے متعلق مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے بیان پر اپنی حیرت و تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی چیف منسٹر جو کچھ بھی اسمبلی میں بیان کر رہے ہیں وہ تمام جھوٹ پر مبنی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ چیف منسٹر نے آندھراپردیش کے مقابلہ میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ کی تنصیب کیلئے زیادہ رقومات دئے جانے کااظہار کیا تھا جو تکلیف دہ بات ہے ۔ بی جے پی قائد و رکن پارلیمان نے چیف منسٹر آندھراپردیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اپنی سیاست کر رہے ہیں ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ دھرماآباد عدالت سے چندرا بابو کو جاری کردہ نوٹسوں کو بھی سیاسی اغراض کیلئے استعمال کرنا بدبختانہ بات ہے ۔ آندھراپردیش میں تلگودیشم کے خلاف پائی جانے والی برہمی کا تذکرہ کرتے ہوئے نرسمہا راؤ نے کہا کہ ملک میں کسی پارٹی کے تعلق سے نہ پائی جانے والی عوامی برہمی ریاست میں تلگودیشم پارٹی پر پائی جاتی ہے ۔ اس تعلق سے حالیہ ایک سروے میں اظہار ہوا ہے اور بتایا کہ آئندہ سال منعقد ہونے والے عام انتخابات میں تلگودیشم کو شکست فاش ہوگی اور تلگودیشم کو ناکام بنانے کا ریاستی عوام نے تہیہ کرلیا ہے ۔