وشال سکہ انفوسیس کے نئے سی ای او

نئی دہلی ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انفوسیس نے SAP کے سابق بورڈ رکن وشال سکہ کو بطور سی ای اور مینجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے اور اس طرح ہندوستان میں دوسرے نمبر کی اہم ترین سافٹ ویر سروسیس فرم کے سی ای او کے انتخاب پر موجود تجسس ختم ہوگیا جو گذشتہ کئی ماہ سے جاری تھا ۔ یاد رہے کہ اسی دوران انفوسیس کے کئی سینئیر سطح کے ایگزیکٹیوز فرم سے مستعفی ہوچکے ہیں ۔ وشال سکہ فرم کے پہلے ایسے سی ای او ہوں گے جن کا تعلق ’ باہر ‘ سے ہوگا اور جن کا شمار کمپنی کے معاون بانیوں میں نہیں ہوتا ۔ یکم اگست 2014 کو انفوسیس کے موجودہ سی ای او اور مینجنگ ڈائرکٹر ایس ڈی شیبو لال سے وہ اپنے نئے عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے ۔۔

یو پی میں لاء اینڈ آرڈر صورتحال دیگر ریاستوں سے بہتر: اکھلیش
نئی دہلی۔/12جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ اتر پردیش اکھلیش یادو جنہیں ریاست یو پی میں اچانک بڑھتے ہوئے جرائم پر ہر گوشہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے لیکن وہ یہ ماننے تیار نہیں اور مسلسل یہی کہہ رہے ہیں کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی بہ نسبت یو پی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔ انویسٹرس کاانکلیو جسے حکومت یو پی کی جانب سے منظم کیا گیا ہے، میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اس کانکلیو میں زیادہ سے زیادہ شرکت خود اس بات کی گواہ ہے کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جب کوئی ان سے اس کے (لاء اینڈ آرڈر ) بارے میں سوال کرتا ہے تو وہ یہی کہتے ہیں کہ یہ ایک انتہائی اہم معاملہ ہے جس کی تمام تر ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے اور مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ یو پی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ملک کی دیگر ریاستوں سے بہتر ہے اور یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد نے کانکلیو میں شرکت کی ہے۔