نئی دہلی؍ جئے پور،27 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے نے جو للت مودی تنازع میں بُری طرح پھنسی ہیں، آج یہاں نیتی آیوگ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے قومی دارالحکومت میں وزیراعظم نریندر مودی یا صدر بی جے پی امیت شاہ سے ملاقات نہیں کی ۔ قیاس ہے کہ پارٹی کے اعلیٰ قائدین ان سے ملاقات کرنے سے گریزاں ہیں۔ آج صبح 9.30 بجے نئی دہلی پہنچنے کے بعد وہ پارٹی کے کسی بھی قائد سے ملاقات کئے بغیر دوپہر ہی کو خصوصی طیارہ سے جئے پور واپس ہوگئیں۔ بی جے پی ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم یا صدر بی جے پی سے ملاقات کا پروگرام طئے نہیں تھا ۔ نیتی آیوگ اجلاس میں شریک کئی بی جے پی چیف منسٹرس نے بھی وزیراعظم سے ملاقات نہیں کی ۔ دریں اثناء جئے پور میں دفتر چیف منسٹر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ نیتی آیوگ اجلاس میں شرکت کے بعد وسندھرا جئے پور واپس ہوئی ہیں ۔ کل بی جے پی نے بعض تنازعات کے باعث چیف منسٹر وسندھرا کی پرزور حمایت کی تھی ۔ نیتی آیوگ اجلاس کے بعد وسندھرا نے صحافیوں کو چکمہ دے دیا۔ اخباری نمائندے ان سے بات چیت کیلئے بے چین تھے۔ باب الداخلہ پر منتظر صحافیوں نے وسندھرا سے دو بدو ہونا چاہا لیکن چیف منسٹر عقبی گیٹ سے چلی گئیں۔