وسط مدتی انتخابات کی افواہیں بے بنیاد

حکومت میعاد مکمل کرے گی۔ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو
حیدرآباد 30 اپریل (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج وسط مدتی انتخابات کی افواہوں کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیا اور کہاکہ حکومت میعاد مکمل کرے گی اور اس کے بعد 2019 ء میں انتخابات ہوں گے۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ ریاست یا مرکز میں وسط مدتی انتخابات کی باتیں ان کے مطابق بے بنیاد ہیں۔ اس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ کہاں سے یہ افواہیں پھیلائی گئی ہیں وہ یہ نہیں جانتے۔ بی جے پی صدر امیت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی بھی کیڈر اور حکومت سے کہہ رہے ہیں کہ سخت کام کریں اور 2019 ء کے انتخابات کے لئے تیاری کریں اور وہی ہمارا مقصد ہے۔ انھوں نے کہاکہ عوام نے ہمیں پانچ سال کے لئے منتخب کیا ہے اور ہم میعاد مکمل کریں گے اور اس کے بعد 2019 ء میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔ وسط مدتی انتخابات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ شیڈولڈ کاسٹس کی زمرہ بندی پر ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہاکہ پارٹی اس کے حق میں ہے۔ اس کے لئے قانون سازی سے قبل اس مسئلہ پر ریاستوں اور مرکز کے درمیان تبادلہ خیال کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کو پورے ملک کے لئے اس سلسلہ میں قانون سازی یا اس کا فیصلہ ریاستوں پر چھوڑنے کے لئے ہنوز قطعیت دینی ہے کیوں کہ ہر ریاست میں اس سے متعلق مختلف مسائل ہیں۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے مرچ کے کسانوں کے مسائل سے متعلق ایک اور سوال پر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ ’’میں نے اس سلسلہ میں مرکزی وزیر زراعت سے بات کی ہے۔ مرکزی حکومت کسی حد تک مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے لیکن ریاستی حکومتوں کو بھی کسانوں کی مدد اور ان کے فائدہ کے لئے ضروری اقدامات کرنے ہوں گے‘‘۔