اوقافی اراضیات پر قبضہ جات کا انکشاف، اراضیات ریکارڈ کو شفاف بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔27ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے اراضیات کے ریکارڈس کو شفاف بنانے کیلئے جاری سروے کا دوسرا مرحلہ جنوری کے وسط میں شروع کیاجائے گا۔ حکومت تلنگانہ نے محکمہ مال کے تحت ریاست کی تمام اراضیات کے ریکارڈس کو بہتر و شفاف بنانے کے لئے 15ستمبر سے جو سروے شروع کیا تھا اس کا پہلا مرحلہ 28 ڈسمبر کو ختم ہوگا اور آئندہ مرحلہ کا آغاز جنوری کے وسط میں کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست کی تمام اراضیات کے ریکارڈس کوآن لائن کرنے کے علاوہ انہیں شفاف بنانے کیلئے کئے جانے والے اس سروے کے دوران حکومت کے عہدیداروں نے مسائل سے حکومت کو واقف کروایا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان مسائل کے حل کے ساتھ حکومت نے 15 یا18 جنوری سے سروے کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام ریکارڈ س کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اراضیات کے موقف کی جانچ کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اس سروے کے دوران سرکاری اراضیات کے علاوہ اوقافی اراضیات پر کئے جانے والے قبضہ جات کا بھی انکشاف ہوا ہے اور اس انکشاف کے بعد حکومت نے تمام محکمہ جات جو اراضیات سے متعلق ہیں ان کے ریکارڈس کی جانچ کے سلسلہ میں بھی اقدامات کو ممکن بنا سکتی ہے۔ سروے کے دوسرے مرحلہ کے دوران کہا جا رہا ہے کہ جن اراضیات کی ملکیت کا تنازعہ ہے ان کے حل کے علاوہ ان جائیدادوں کے مالکین کے ریکارڈس کا جائزہ لیا جائے گا اورجن سرکاری محکمہ جات کے درمیان اراضیات و جائیدادو ںکے مسئلہ پر قانونی رسہ کشی ہے انہیں دور کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی اور محکمہ جات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے معاملات کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے محکمہ مال کے عہدیداروں سے پہلے مرحلہ کے سروے کی مکمل تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور ابھی جن مقامات و مواضعات میں سروے کا عمل جاری ہے ان کی تفصیلات وصول طلب ہیں۔ محکمہ مال کی جانب سے کئے جانے والے اس سروے کے دوسرے مرحلہ میں حکومت کی جانب سے دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے تاکہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کی نگرانی میں کئے جانے والے اس سروے کے متعلق کوئی شکوک و شبہات باقی نہ رہیں۔