نیویارک ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ وسطی افریقی جمہوریہ میں قیام امن کیلئے مزید عسکری قوت کی ضرورت ہے۔ بان کے بقول جتنی جلدی ممکن ہو سکے عالمی برادری پولیس اور فوج کے تین ہزار جوانوںکو اس بحران زدہ ملک بھیجنے کا فیصلہ کرے۔ اس ملک کیلئے اپنا چھ نکاتی منصوبہ پیش کرتے وقت انہوں نے مزید کہا کہ خون خرابہ روکنے کیلئے فوجی کارروائیوں کو مربوط اور مؤثر بنانا ہو گا جبکہ فوجی ساز وسامان کیلئے مزید رقم درکار ہے۔ فرانس کی جانب سے وسطی جمہوری افریقہ میں تعینات اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا کر دو ہزار کر نے پر بان نے پیرس حکام کا شکریہ ادا کیا۔ وسطی جمہوری افریقہ میں مسیحی اور مسلم گروپوں کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔
صومالیہ : صدارتی محل پر کار بم حملہ
موغادیشو ، 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں جو اس ملک کی بین الاقوامی حمایت والی حکومت کا مرکز ہے، صدارتی محل کو آج ایک زبردست کار بم کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بندوق برداروں نے ہلہ کیا، پولیس اور عینی شاہدین نے یہ بات بتائی۔ اقوام متحدہ کے خصوصی قاصد برائے صومالیہ نے کہا کہ صدر حسن شیخ محمد نے ٹیلی فون کرکے بتایا کہ انھیں اس حملہ میں کچھ نہیں ہوا۔