وسطی افریقی جمہوریہ: ہزاروں پناہ گزین مسلح گروپوں کے نرغے میں

جنیوا۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ایجنسی کے مطابق وسطی افریقی جمہوریہ میں عارضی طور پر قائم کئے گئے کیمپوں میں موجود ہزاروں افراد جن میں سے اکثریت مسلمانوں کی ہے، مسلح گروپوں کے گھیرے میں اور شدید خطرات سے دو چار ہیں۔ اڈریان ایڈورڈز نے منگل کو جنیوا میں ایک نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ مہاجرین جنہیں ملک کے شمال مغرب اور جنوب مغرب میں 18 مختلف مقامات پر قائم کئے گئے کیمپوں میں رکھا گیا ہے، حملے کے شدید خطرے کی زد میں ہیں اور انہیں فوری طور پر بہتر سکیورٹی بہم پہنچائے جانے کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف فرانسیسی پارلیمان نے منگل کے روز وسطی افریقی جمہوریہ میں جاری فوجی مشن میں توسیع کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ یہ مشن چار ماہ قبل شروع کیا گیا تھا۔ سابق فرانسیسی کالونی وسطی افریقی جمہوریہ میں گزشتہ مارچ سے جاری فسادات میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سنگاپور میں مزید دو ہندوستانی شہریوں کو جیل
سنگاپور۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سنگاپور میں آج مزید دو ہندوستانی شہریوں کو اس ملک کے گزشتہ سال ڈسمبر میں پیش آئے 40 سال کے بدترین فساد میں اُن کے رول کیلئے فی کس 18 ہفتہ کی قید میں بھیج دیا گیا ۔ ایک اخبارکے مطابق 25 سالہ تھنگیا سلوا کمار اور 23 سالہ تھیاگ راجن سری بالا مورگن کو ابتداء میں فساد مچانے کے الزامات کا سامنا تھا جس پر زیادہ سے زیادہ 7 سال کی جیل اور کوڑوں کی سزا ہوسکتی ہے ۔ لیکن اُن کے خلاف الزام میں ترمیم کردی گئی ۔