وسطی افریقی جمہوریہ کیلئے امن مشن کی منظوری

نیو یا رک ۔ 12 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مذہبی فسادات کی شکار افریقی ریاست وسطی افریقی جمہوریہ کے لئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے متفقہ طور پر امن مشن کی منظوری دے دی ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے منظور کردہ اس امن مشن کے تحت ملٹری کے 10,000اور پولیس کے 1800 ملازمین کو وسطی افریقی جمہوریہ بھیجا جائے گا۔ فوجیوں اور پولیس ملازمین کو رواں برس ستمبر کے وسط میں اس افریقی ریاست بھیجا جائے گا، جہاں اس وقت 2000 فرانسیسی اور قریب 6500 افریقی فوجی دستے قیام امن کے لئے کوشاں ہیں۔اقوام متحدہ میں فرانسیسی سفیر جیرارڈ اراو ڈ نے بتایا کہ اس امن مشن کے مقاصد میں وہاں شہریوں کی حفاظت، امن و امان کی بحالی، انسانی بنیادوں پر ہمدردی کیلئے امدادی سامان کی رسائی کو یقینی بنانا، انسانی حقوق سے متعلق صورتحال کی نگرانی اور تخریب کار عناصر سے نمٹنا ہوگا۔