وسطی افریقہ میں امن بردار سپاہی اور کم از کم 12 شہری ہلاک

بنگوئی (وسطی افریقی جمہوریہ )26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) فرانسیسی دستے آج وسطی افریقی جمہوریہ کے دارالحکومت میں بھر پور قوت کے ساتھ نظر آئے جبکہ اس علاقہ میں جھڑپوں نے کم از کم ایک درجن شہریوں کی جان لے لی ہے ۔ ایک عہدیدار کے مطابق چاڈکے پانچ امن بردار سپاہی بھی مارے گئے ہیں۔ کل آتشیں اسلحہ کی بھاری فائرنگ کے بعدبنگوئی میں نراج کی کیفیت نظر آتی ہے جہاں خوف ہراس میں مبتلا ہزاروں مکینوں کو ایر پورٹ میں پناہ کیلئے بھاگتے دیکھا گیا، جہاں فرانسیسی اور افریقی امن بردار فوج تعینات ہے ۔ بنگوئی کے بڑے دواخانے میں ایک عہدیدار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ تشدد کی اس تازہ لہر میں کم از کم 12 افراد مارے گئے ہیں۔ریڈ کراس نے کم از کم ایک درجن نعشیں دواخانے کے مردہ خانے کولائی ہیں۔ عہدیدار موصوف نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر مزید کہا کہ 46 افراد چاقو یا بندوق کی گولی کے زخموں کے ساتھ لائے گئے ہیں۔

ترک وزیراعظم کے فرزند اگلا نشانہ
انقرہ ، 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیراعظم کے فرزند ممکنہ طور پر وسعت پذیر رشوت ستانی تحقیقات کا اگلا نشانہ ہوں گے، جس کے نتیجے میں تین وزراء کے استعفے کے بعد بڑی کابینی ردعمل ہوئی ہے۔ ترک میڈیا نے آج کہا کہ وزیراعظم رجب طیب اردوان اور ان کے حریف فتح اللہ غولن کے درمیان تلخ جدوجہد مزید کینہ پرور بن جانے کا اندیشہ ہے۔