وزیر کوئلہ نے لاپتہ فائیلس کی تفصیلات طلب کیں

نئی دہلی 2 جون ( سیاست نیوز ) وزیر کوئلہ مسٹر پیوش گوئل نے کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ کی لاپتہ فائیلوں کے تعلق سے معلومات حاصل کی ہیں اور انہوں نے تمام دستاویزات کی مکمل فلم بندی کرنے پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل کا تدارک ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس بات کی مکمل رپورٹ دینے کو کہا ہے کہ اصل میں کونسی فائیل لاپتہ ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ اس معاملہ کی تہہ تک جائیں ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ تمام دستاویزات کی مکمل فلم بندی کے اقدمات کا منصوبہ تیار کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل پیدا ہونے نہ پائیں۔ واضح رہے کہ وزارت کوئلہ میں کئی فائیلیں لاپتہ ہیں

جن میں کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ کی فائیلس بھی شامل ہیں۔ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل نے الزام عائد کیا تھا کہ خانگی کمپنیوں کو کسی طرح کے ہراج کے بغیر کوئلہ کے جو بلاکس الاٹ کئے گئے تھے ان کے نتیجہ میں قومی خزانہ کو 1.86 لاکھ کروڑ روپئے کا نقصان ہوا تھا ۔ مسٹر گوئل نے بتایا کہ انہوں نے وزارت کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی ہے اور انہیں اب مطلع کیا گیا ہے کہ اب بیشتر فائیلیں دستیاب ہوگئی ہیں۔ مسٹر گوئل نے اس وقت کے وزیر کوئلہ مسٹر سری پرکاش جیسوال کے خلاف مراعات شکنی کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا ۔ پارلیمنٹ میں اس مسئلہ پر کارروائی کئی مرتبہ رکاوٹ کا شکار ہوگئی تھی ۔ سی بی آئی کی جانب سے 195 بلاکس کے الاٹمنٹ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔