وزیر مہاراشٹرا کی بیٹی کا بھی فارن اسکالرشپ سے استفادہ !

 

ممبئی۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے وزیر سماجی انصاف راج کمار بدولے کی بیٹی کا نام بیرون ملک حصول اعلی تعلیم کے لیے گورنمنٹ اسکالرشپ کے استفادہ کنندگان کی فہرست میں شامل ہے۔ ریاست کے دو اعلی سطح کے بیوروکریٹس کے بیٹوں کے نام بھی حال ہی میں شائع اس فہرست میں موجود ہیں۔ ریاستی حکومت کا محکمہ سماجی انصاف اور خصوصی اعانت ہر سال ایس سی اسٹوڈینٹس کے لیے فارن ایجوکیشن اسکالرشپ کا اعلان کرتا ہے۔ اس اعانت میں فلائٹ کا یکطرفہ کرایہ (اکنامی کلاس)، تعلیمی فیس، الائونسس وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ بی جے پی لیڈر بدولے جو وزارتِ سماجی انصاف کے سربراہ ہیں، انہوں نے اس معاملہ سے خود کو لاتعلق کرلیا ہے۔ ان کی بیٹی شروتی برطانیہ کی یونیورسٹی آف مانچسٹر میں تین سالہ پی ایچ ڈی کورس (آسٹرونومی اینڈ آسٹروفیزکس) کی تعلیم حاصل کررہی ہے۔ یہ فہرست وزارت اعلی و فنی تعلیم کی جانب سے 4 ستمبر کو شائع کی گئی۔ اس اسکالرشپ کے لیے منتخب 35 اسٹوڈنٹس میں سمیر دیانند میشرم اور انترکش دنیش واگھمارے دونوں ریاستی حکومت میں برسر کار سینئر بیوروکریٹس کے بیٹے ہیں۔ دریں اثناء وزیر موصوف نے میڈیا والوں کو بتایا کہ ان کی بیٹی کو یہ اسکالرشپ دلانے میں ان کا کوئی رول نہیں۔ یہ صحیح ہے کہ میری بیٹی نے درخواست دی تھی اور اسکالرشپ کے لیے منتخب ہوگئی۔ تاہم میں نے اس میں کوئی رول انجام نہیں دیا۔ میں تو سلیکشن کمیٹی کا حصہ تک نہیں تھا۔ بدولے نے کہا کہ انہوں نے شروتی کی درخواست کے تعلق سے پہلے ہی چیف منسٹر دیویندر فرنویس کو مطلع کردیا تھا۔