وزیر معدنیات کی عنقریب تلگودیشم میں شمولیت

حیدرآباد 9 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر معدنیات و سینئر کانگریس قائد شریمتی گلا ارونا کماری کی بہت جلد تلگودیشم پارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے باوثوق ذرائع کے مطابق سیما آندھرا علاقہ میں کانگریس پارٹی کے انتہائی کمزور موقف کو دیکھتے ہوئے شریمتی گلا ارونا کماری نے اپنے فرزند مسٹر گلا جیادیو (ممتاز صنعتکار) کو تلگودیشم پارٹی میں شامل کرواتے ہوئے خود (جی ارونا کماری) تلگودیشم پارٹی سے قربت اختیار کرنے کی کوشش میں مصروف بتائی جاتی ہیں۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ اپنے فرزند کو تلگودیشم پارٹی میں شامل کروانے کے بعد خود انھیں بھی (گلا ارونا کماری کو) تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے نئی راہ ہموار ہوسکے گی اور اس نئی راہ کے ہموار ہوتے ہی آئندہ انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ارونا کماری وزیر معدنیات بھی تلگودیشم پارٹی میں بہرصورت شمولیت اختیار کرلیں گی اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ انتخابات میں ارونا کماری تلگودیشم پارٹی ٹکٹ حاصل کرکے مقابلہ کریں گی۔