جی نرنجن کا الیکشن کمیشن کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 24۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاستی وزیر لیبر سی ایچ ملا ریڈی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا اور اس سلسلہ میں کمشنر اسٹیٹ الیکشن کمیشن وی ناگی ریڈی کو یادداشت پیش کی ۔ کنوینر الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی جی نرنجن نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے لئے 23 مئی اور مجالس مقامی کیلئے 27 مئی تک انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ الیکشن کمشنر نے 20 اپریل کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔ ایسے وقت جبکہ ریاست میں دو ضابطہ اخلاق نافذ ہیں، وزیر لیبر سی ایچ ملا ریڈی نے پارٹی کے عہدہ پر تقرر کرتے ہوئے سرکاری لیٹر ہیڈ کا استعمال کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ وزیر لیبر نے جے سدھاکر ریڈی کو ٹی آر ایس پارٹی کیسرا منڈل کا صدر مقرر کرتے ہوئے سرکاری لیٹر ہیڈ پر احکامات جاری کئے۔ نرنجن نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت وزراء کو سرکاری دوروں اور سرکاری مشنری کے استعمال کے علاوہ سرکاری گاڑی کے استعمال پر پابندی ہے ۔ ایسے میں وزیر لیبر نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے کارروائی کی مانگ کی۔ نرنجن نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران حکومت کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں کانگریس نے نمائندگیاں کیں لیکن کمیشن کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔