نئی دہلی ، 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ایک عدیم النظیر اقدام میں ماہرین معاشیات کے ساتھ میٹنگ محض دو روز قبل طلب کی ہے جبکہ وہ مرکزی بجٹ برائے 2016-17ء دوشنبہ کو پیش کرنے والے ہیں۔ جیٹلی کے علاوہ مملکتی وزیر فینانس جینت سنہا اور وزارت فینانس کے دیگر سینئر عہدیداران ہفتہ کی صبح ماہرین معاشیات کے ساتھ میٹنگ میں موجود رہیں گے۔ عہدیداروں نے 90 منٹ کی میٹنگ کے تعلق سے تصدیق کی لیکن اس کے ایجنڈہ بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔ یہ اقدام خلاف معمول ہے کیونکہ اس سے قبل کوئی وزیر فینانس نے بجٹ کی پیشکشی سے دو روز قبل ماہرین معاشیات کے ساتھ میٹنگ طلب نہیں کی تھی۔ یہ اس لئے بھی عدیم النظیر ہے کیونکہ ہفتہ تک مرکزی بجٹ کو لمحہ آخر کی چند تبدیلیوں کے ماسواء قطعیت دی جاچکی ہوگی۔ صنعتی عہدیداروں نے کہا کہ لمحہ آخر کی میٹنگ کا مقصد شاید بعض فوری اصلاح طلب اقدامات پر گرفت حاصل کرنا ہے تاکہ معیشت کیلئے بہتر چیز پیش کی جاسکے۔