وزیر فینانس چدمبر م کا دورۂ سعودی عرب

ریاض ؍ نئی دہلی ۔ 27 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس پی چدمبرم سعودی عرب کے ہم منصب توفیق الرابیعہ سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے موضوع پر وزارتی سطح کے مذاکرات کریں گے ۔ پی چدمبرم دو روزہ سرکاری دورہ پر آج ریاض پہنچے جہاں ہند ۔ سعودی مشترکہ کمیشن کے دائرہ کار میں یہ مذاکرات کئے جائیں گے ۔ ہندوستانی وفد میں معاشی اُمور کے سکریٹری اروند مایا رام اور 10 دیگر سینئر عہدیداران شامل ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز توفیق الرابیعہ جوائنٹ کمیشن اجلاس کی چدمبرم کے ہمراہ مشترکہ طورپر صدارت کریں گے ۔ سعودی عرب اور ہندوستانی کمپنیوں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ چدمبرم کے اس دورہ سے مثبت پیشرفت کی توقع ہے ۔ ریاض میں موجود ہندوستانی سفارتی مشن کے ڈپٹی چیف سیبی جارج نے کہا کہ چدمبرم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی روابط کو استوار کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔

چدمبرم 29 جنوری کو نئی دہلی واپس ہوں گے ۔ ہند ۔ سعودی عرب تجارتی تعلقات میں حالیہ چند برسوں کے دوران غیرمعمولی اور مثالی ترقی دیکھی گئی ہے ۔ سعودی عرب ، ہندوستان کاچوتھا بڑا تجارتی ساجھیدار ہے اور سال 2012-13 کے دوران باہمی تجارت 43.19 ارب امریکی ڈالر رہی ۔ سعودی عرب ، ہندوستان کو سب سے زیادہ خام تیل سربراہ کرنے والا ملک ہے جس کا ایندھن ملک کی 17 فیصد ضروریات کی تکمیل کرتا ہے اور ہندوستانی برآمدات کے لئے وہ دنیا کے بڑے مارکٹوں میں سے ایک ہے ۔ ہندوستان کی عالمی برآمدات میں 1.86 فیصد حصہ سعودی عرب کو جاتا ہے اور ہندوستان عالمی درآمدات میں سعودی عرب کا حصہ 6.35 فیصد ہے ۔ سعودی عرب اور ہندوستان نے کئی مشترکہ پراجکٹس میں کروڑہا ڈالرس کی سرمایہ کاری کی ہے ۔