حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر 27 ستمبر تا 11 اکتوبر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مطالعاتی دورہ پر روانہ ہوں گے۔ سکریٹری پولیٹیکل وکاس راج نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ وزیر فینانس دونوں ممالک میں ویاٹ اور جی ایس ٹی نظام پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے ۔ تلنگانہ حکومت نے اس دورہ کی منظوری دیدی ہے تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے کلیئرنس کا انتظار ہے۔ اس سرکاری دورہ کے تمام اخراجات محکمہ فینانس برداشت کرے گا۔
حیدرآباد میں آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے سینئر قائد آنجہانی جی وینکٹ سوامی کا مجسمہ حیدرآباد میں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو تلنگانہ حکومت نے وینکٹ سوامی کا مجسمہ نصب کرنے کی اجازت دی ہے۔ پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن ایم جی گوپال نے آج احکامات جاری کئے۔ جی او کے مطابق آنجہانی وینکٹ سوامی کا مجسمہ ٹینک بنڈ پر واقع ساگر پارک میں نصب کیا جائے گا ۔ حسین ساگر اور اس کے اطراف کی سرگرمیوں پر نگرانی کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کی منظوری سے یہ مجسمہ نصب کیا جائے گا ۔ کمشنر ایچ ایم ڈی اے کو اس سلسلہ میں کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔
اے سی بی سربراہ جناب اے کے خاں کا کل شمس آباد کا دورہ
شمس آباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ایم پی ڈی او سریکانت ریڈی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اے سی بی سربراہ جناب اے کے خاں جنہوں نے شمس آباد کے موضع جوکل کو اپنایا ہے کل دورہ کر کے مقامی عوام سے ملاقات کریں گے اور یہاں کے مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔۔