لکشما ریڈی خود وضاحت کریں۔ زبان پر لگام کسنے کا مشورہ ۔ چمڑی ادھیڑ دینے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی کو زبان پر لگام دینے پر زور دیا بصورت دیگر چمڑی ادھیڑ دینے کا انتباہ دیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیر صحت ان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کررہے ہیں ۔ جڑچرلہ میں کانگریس کے جلسہ عام کی کامیابی کے بعد لکشما ریڈی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ۔ ان کے اور کانگریس پارٹی قائدین کے خلاف جھوٹے من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں جس کی انہیں قیمت چکانی پڑے گی ۔ کانگریس کے قائد نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت کی ڈاکٹر سے متعلق ڈگری اصلی ہے یا فرضی اس کی وضاحت خود لکشما ریڈی کریں کیوں کہ بی ایچ ایم ایس کورس کا 1985 سے آغاز ہوا ہے ۔ اس لحاظ سے 5 سال یعنی 1990 میں پہلا بیاچ مکمل ہوتا ہے ۔ لیکن اپنے انتخابی حلف نامہ میں لکشما ریڈی نے 1987 میں ڈاکٹر کی ڈگری مکمل کرنے کی نشاندہی کی ہے ۔ لہذا ان کی ڈگری پر شکوک ہیں ۔ اس لیے پہلے وہ اس کی وضاحت کریں ۔ وزیر صحت ان کی تاریخ کا جائزہ لینے کے بعد زبان کھولیں جب وہ ( ریونت ریڈی ) رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتے تھے تب لکشما ریڈی بحیثیت رئیل اسٹیٹ بروکر کام کیا کرتے تھے ۔ وزیر بننے کے بعد لکشما ریڈی اپنی اوقات بھول گئے ہیں اگر یہی حال رہا تو وہ بھی دیکھتے ہیں ۔ 2019 کے عام انتخابات میں لکشما ریڈی اسمبلی حلقہ جڑچرلہ سے کیسے کامیاب ہوتے ہیں تلگو دیشم سے کانگریس میں شامل ہونے والے ریونت ریڈی چند دن خاموش رہے اس کے بعد حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے ۔ حکومت کی غلطیوں ، کمزوریاں اور وزراء کے خلاف ٹوٹ پڑتے ہوئے کانگریس میں سرگرم رول ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر پر تلنگانہ کو سنہرے ریاست میں تبدیل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے قرض کے دلدل میں ڈھکیل دینے کا الزام عائد کیا ۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نہ کھانے کی عوام سے اپیل کی ۔