منسوخ II پرچہ سوالات کے افشا کا شاخسانہ ‘ ایمسیٹ

ایمسیٹ III کا اگسٹ میں انعقاد ‘ نتیجہ کا ماہ ستمبر میں اعلان ۔ حکومت تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد 29 جولائی ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ نے توقعات کے عین مطابق ایمسیٹ II امتحان منسوخ کردیا ہے ۔ پرچہ سوالات کے افشا کو دیکھتے ہوئے یہ اقدام کیا گیا ہے جبکہ ایمسیٹ III کو ماہ اگسٹ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتائج کا ماہ ستمبر میں اعلان کیا جائیگا ۔ حکومت تلنگانہ نے ایمسیٹ III کیلئے طلبا کو فیس کی ادائیگی سے استثنی دیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزرا ‘ سینئر عہدیداروں اور مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلروں سے مشاورت کے بعد ایمسیٹ II کی تنسیخ کی حمایت کی ۔ وزرا ‘ عہدیداروں اور وائس چانسلروں نے چیف منسٹر سے کہا تھا کہ وہ یہ امتحان منسوخ کرکے دوبارہ منعقد کریں۔ عہدیداروں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر ایمسیٹ II کو منسوخ نہیں کیا گیا تو اس سے ریاستی حکومت کیلئے قانونی مسائل پیدا ہونگے ۔ سی آئی ڈی کی پیش کردہ رپورٹ کی بنیاد پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایم بی بی ایس اور ڈینٹل کورسیس میں داخلوں کیلئے انٹرنس امتحان کے دوبارہ انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی جی پی انوراگ شرما اور اڈیشنل ڈی جی سی آئی ڈی ستیہ نارائنا نے آج شام چیف منسٹر سے ملاقات کرکے ایمسیٹ II کے پرچہ سوالات کے افشا پر ایک رپورٹ کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کی ۔ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے قواعد کے مطابق داخلوں کا عمل 30 ستمبر تک مکمل ہوجانا چاہئے ۔ اگر ایمسیٹ III منعقد کیا جاتا ہیتو یہ اگسٹ میں ہونا چاہئے اور رینکرس کا اعلان کیا جانا چاہئے ۔ اس کے بعد اسنادات کی تنقیح کیلئے دس دن کا وقت درکار ہوگا اور پھر تین مراحل کی کونسلنگ کیلئے 20 دن کا وقت درکار ہوگا ۔ اگر وقت کافی نہ ہو تو ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے مزید 10 دن کا اضافی وقت حاصل کرسکتی ہے ۔ ایمسیٹ II کے پرچہ جات کے افشاء کا اسکام تقریبا 100 کروڑ روپئے سے زیادہ کا بتایا جا رہا ہے اس سے دونوں ہی تلگو ریاستوں میں زبردست ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔ ماہرین کی رائے ہے کہ اگر ایک طالب علم کیلئے بھی پرچہ کا افشا ہوا تو امتحان کو منسوخ کرنا ضروری ہوجاتا ہے ۔ دوسری جانب رینک حاصل کرنے والے طلبا اور کوالیفائی کرنے والے طلبا کی اکثریت نے امتحان کو منسوخ کرنے کی مخالفت کی تھی اور داخلوں کا عمل شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔