میٹرنٹی دواخانوں میں زچگی کے بعد خواتین کی اموات کی روک تھام میں ناکام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا نے لکشما ریڈی کو وزارت صحت کے لیے نا اہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے سرکاری میٹرنٹی ہاسپٹلس میں ڈیلوریز کے بعد خواتین فوت ہورہی ہیں اور وزیر صحت پلینری اور جلسہ عام کا جشن منانے میں مصروف ہے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این شاردا نے کہا کہ تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد کے سرکاری ہاسپٹلس کی یہ صورتحال ہے تو اضلاع اور منڈل ہیڈکوارٹرس کے سرکاری ہاسپٹلس کا کیا حال ہوگا سونچ کر ہی گھبراہٹ ہوتی ہے ۔ حیدرآباد کے سرکاری میٹرنٹی ہاسپٹلس و دوسرے ہاسپٹلس میں خواتین بالخصوص حاملہ خواتین کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ حالیہ دنوں میں ڈیلوریز کے بعد کئی خواتین کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ جس پر حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی وزیر صحت نے ان مسائل پر کوئی توجہ دی ہے ۔ ریاستی کابینہ میں ایک بھی خاتون وزیر نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کے مسائل کا حکومت کو کوئی علم نہیں ہے ۔ لکشما ریڈی وزارت صحت کے لیے پوری طرح نا اہل ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس کی ترقی ، بنیادی سہولتوں کی فراہمی ادویات کی تقسیم ، ڈاکٹرس اور دیگر اسٹاف کے جائیدادوں پر تقررات کے لیے صرف بلند بانگ دعوے کیے جارہے ہیں جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہیں باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی ایس ایم آئی ڈی ایس ادویات کی خریدی میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کررہا ہے ۔ غیر معیاری ادویات تقسیم کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔ کوٹھی میٹرنٹی ہاسپٹلس میں جو اموات ہوئی ہیں وہ سپرنٹنڈنٹ شلیجہ کی غفلت کا نتیجہ ہے ۔۔