عالمی یوم عطیہ اعضاء تقریب سے سرینواس کا خطاب
وشاکھا پٹنم ۔ 4 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے وزیر صحت کامینینی سرینواس نے اپنے اعضاء کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ ورلڈ آرگن ڈونیشن ڈے کے موقع پر انہوں نے اس بات سے واقف کرواتے ہوئے عوام سے بھی اپنے جسمانی اعضاء خصوصا دماغ ضرورت مند افراد کو عطیہ دینے کی اپیل کی ۔ یہاں کیر ہاسپٹل کی جانب سے اہتمام کردہ اعضاء عطیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعضاء کے عطیہ کے لیے شعور بیداری مہم میں تیزی پیدا کرنے کی ضرورت ہے جب کہ پچھلے سال ہر دس لاکھ ہندوستانی افراد میں 0.16 فیصد افراد نے اعضاء کا عطیہ دیا اور اعضاء نہ ہونے سے زائد از 5 لاکھ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے اعضاء کا عطیہ کسی کو نئی زندگی دیتا ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ حکومت بہت جلد اس کی صحت پالیسی کا اعلان کرے گی اور وہ معیاری صحت نگہداشت فراہم کرنے کی پابند عہد ہے اور ریاستی حکومت زچہ بچہ اموات شرح فیصد میں کمی کے لیے اقدامات کرے گی ۔ ڈائرکٹر کیر ہاسپٹل ڈاکٹر موہن مہاراج نے کہا کہ ملک میں موجودہ طور پر 2.5 لاکھ گردوں ، پچاس ہزار قلب اور پچاس ہزار جگر کی پیوندکاری کے آپریشن ہونے ہیں ۔ جب کہ ان اعضاء کی 0.1 فیصد فراہمی ہوئی ہے ۔۔