وزیر ریلوے سریش پربھاکر پربھو کا آج دورہ ٔحیدرآباد

سیمینار میں شرکت اور دو نئی ٹرینوں کو جھنڈی دکھاکر آغاز کریں گے
حیدرآباد۔ 18 جنوری (این ایس ایس) وزیر ریلوے مسٹر سریش پربھاکر پربھو 19 جنوری کو ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ہیڈکوارٹرس سکندرآباد کا دورہ کریں گے جہاں پر وہ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد شہر میں منعقد شدنی مختلف پروگرامس میں بھی حصہ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے 19 جنوری کو ہندوستانی ریلوے میں پی پی پی اور ایف ڈی آئی پر انڈور آڈیٹوریم آف انڈین ریلوے انسٹیٹیوٹ آف سگنل انجینئرنگ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن تارناکہ سکندرآباد میں صبح 9:45 بجے منعقد شدنی 15 ویں قومی سیمینار کی صدارت کریں گے جس کا اہتمام سنٹر فار ٹرانسپورٹ ریسرچ مینجمنٹ نئی دہلی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ جس کے بعد مسٹر سریش پربھاکر پربھو سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر 11 بجے دن دو نئی ایکسپریس ٹرینیں جس کا ریلوے بجٹ 2014ء میں اعلان کیا گیا تھا، کو جھنڈی دکھاکر آغاز کریں گے۔ یہ ٹرینیں سکندرآباد۔ وشاکھاپٹنم اے سی ایکسپریس (ہفتہ واری) اور ناندیڑ ۔ اورنگ آباد ایکسپریس (ہفتہ واری) شامل ہیں۔ بعدازاں وہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر مختلف اسوسی ایشنوں، پیسنجروں، فرائیٹ، ٹریڈرس سے نمائندگیاں وصول کریں گے۔ اسی دوران وزیر ریلوے ریل نیلائم میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں اور ملازمین یونینوں سے بات چیت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان پروگراموں کے بعد وزیر ریلوے سریش پربھاکر پربھو ، چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے سیکریٹریٹ میں ملاقات کرنے کے بعد دہلی روانہ ہوجائیں گے۔