وزیر دفاع کی گوا واپسی خارج از امکان

انتخابی مہم کی قیادت کریں گے ، بی جے پی کی وضاحت
پناجی ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر گوا کی حیثیت سے منوہر پاریکر کی واپسی سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر ونئے ٹنڈولکر نے آج کہا ہے کہ ممکن ہے کہ وزیر دفاع آئندہ سال منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لے پارٹی مہم کی قیادت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گوا میں 2017 کے انتخابات کی مہم کے لیے منوہر پاریکر کی اشد ضرورت ہوگی تاکہ بھارتیہ بھاشہ سرکھشا منچ ( مادری زبان میں تعلیم ) کے ایجنڈہ کا موثر جواب دیا جاسکے ۔ واضح رہے کہ بھارتیہ بھاشہ سرکشا منچ ( بی بی ایس ایم ) گوا کے اسکولوں میں مادری زبان میں تعلیم اور انگریزی میڈیم کے اسکولوں کو سرکاری گرانٹ روک دینے کے مطالبہ پر مہم چلا رہی ہے ۔ جب کہ آر ایس ایس کے ریاستی سربراہ سبھاش ولینگسکر نے بھی گوا میں علاقائی زبانوں کے تحفظ میں ناکامی پر بی جے پی اور منوہر پاریکر کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ درین اثناء مقامی میڈیا کے ایک گوشہ نے یہ قیاس آرائی کی ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل منوہر پاریکر چیف منسٹر گوا کی حیثیت سے واپس آسکتے ہیں ۔ جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹنڈولکر نے کہا کہ اس مسئلہ پر پارٹی میں کوئی بحث نہیں کی جارہی ہے ۔ تاہم انہیں پارٹی کی انتخابی مہم میں سرگرم رول ادا کرنے کے لیے مدعو کیا جاسکتا ہے ۔ جب کہ گوا میں آئندہ سال مارچ میں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ پاریکر نے 2012 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا لیکن انہوں نے مرکز میں وزیر دفاع بنائے جانے کے بعد چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔۔