وزیر دفاع نرملا کا دورۂ جموں و کشمیر

سری نگر۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع نرملا سیتا رامن آج دو روزہ دورۂ جموں و کشمیر پر یہاں پہنچیں، جس کے دوران وہ وادی میں لائین آف کنٹرول (ایل او سی) اور لداخ خطہ میں حقیقی خط قبضہ (ایل اے سی) کے پاس سکیوریٹی صورتحال کا جائزہ لیں گی۔ دفاع کے ذرائع نے کہا کہ فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے ہمراہ نرملا اس ریاست کو اپنے پہلے دورے پر آج صبح آئیں اور سیدھے شمالی کشمیر کے کپواڑہ سیکٹر چلی گئیں جہاں وہ ایل او سی کے پاس صورتحال کا بہ نفس نفیس جائزہ لیں گی۔ ذرائع نے کہا کہ آرمی کے سینئر عہدیدار وادی کی مجموعی صورتحال کے تعلق سے وزیر دفاع کو کپواڑہ سے واپسی پر واقف کرائیں گے، جس میں انسداد شورش پسندی اور انسداد دراندازی کارروائیاں شامل ہیں۔ نرملا طے شدہ پروگرام کے مطابق گورنر این این ووہرا اور چیف منسٹر محبوبہ مفتی سے بھی ملاقات کرنے والی ہیں۔ کل وہ لداخ خطہ کو جائیں گی جہاں وہ ایل اے سی کی صورتحال کا جائزہ لیں گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نرملا سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کرسکتی ہیں یا پھر اس گلیشیر کا فضائی دورہ بھی ہوسکتا ہے، جسے دنیا کا سب سے اونچا میدان جنگ سمجھا جاتا ہے۔ دورے کا سیاچن مرحلہ موسمی حالات پر منحصر ہے۔