وزیر دفاع نرملا سیتارامن کی چینی ہم منصب سے ملاقات

بیجنگ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے ڈوکلم تعطل پر ہند ۔ چین تعلقات میں پیدا شدہ کشیدگی کے تناظر میں آج یہاں اپنے چینی ہم منصب جنرل وی فنگ ہی سے ملاقات کی۔ اس دوران اُنھوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان پیدا شدہ اختلافات بہرصورت تنازعہ میں تبدیل نہیں ہونا چاہئے۔ نرملا سیتارامن گزشتہ روز یہاں پہونچی تھیں اور آج اُنھوں نے وزراء دفاع کے اجلاس میں شرکت کی۔ نینگ ہی سے ملاقات کے دوران کہاکہ ہندوستان اور چین کے درمیان پیدا شدہ اختلافات کو تنازعہ کا موجب نہیں بننا چاہئے۔ ہندوستان اور چین نے اپنی فوجوں کے درمیان 73 دن سے جاری رہنے والی صف آرائی کو گزشتہ سال اگسٹ میں ختم کرلیا تھا۔ شنگھائی کی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سالانہ چوٹی کانفرنس جون کے دوران چینی شہر تنگ داؤ میں منعقد ہوگی۔چین ، روس ، قازقستان، ازبکستان، تاجکستان اور کرغستان پر مشتمل اس تنظیم میں ہندوستان اور پاکستان دو نئے ارکان ہیں۔ اس تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے فروغ کے علاوہ انٹلی جنس معلومات کا تبادلہ ، وسط ایشیاء میں انسداد دہشت گردی اقدامات اور سائبردہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائی ہے۔