وزیر داخلہ کے بیان سے غیر مطمئن کانگریس ارکان کا اسمبلی سے واک آوٹ

حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کی جانب سے کریم نگر کے ونیاونکا میں دلت لڑکی کی عصمت ریزی کے واقعہ پر ایوان میں بیان پر کانگریس کو وضاحت طلب کرنے کا موقع فراہم نہ کرنے کے خلاف بطور احتجاج کانگریس ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ قبل ازیں وزیر داخلہ کے بیان پر کریم نگر کے رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے وزیر داخلہ کے بیان سے مطمئن نہ ہوتے ہوئے ضمنی سوالات کیلئے موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن ڈپٹی اسپیکر شریمتی پدمادیویندر ریڈی نے موقع دینے سے انکار کردیا جس پر خاتون ارکان ڈی کے ارونا اور مسرز اتم کمار ریڈی نے پوڈیم کے قریب پہنچ کر احتجاج جاری رکھا۔ دیگر ارکان ایوان کے وسط تک آکر احتجاج کرتے رہے۔ کانگریس ارکان وضاحت طلب کرنے پر بضد تھے اور شریمتی پدمادیویندر ریڈی نے مطالبات زر پر مباحث شروع کرنے کی کانگریس رکن اسمبلی مسٹر چنا ریڈی سے بار بار خواہش کی۔ بعدازاں ٹی آر ایس رکن اسمبلی کے ذریعہ مباحث کا آغاز کروایا گیا جس پر قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی نے حکومت کے آمرانہ رویہ کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کرنے کا اعلان کیا اور تمام ارکان کے ساتھ ایوان سے باہر چلے گئے۔