نرسمہا ریڈی پہلے لفٹ میں پھنس گئے اور واپسی کے دوران کار پنکچر
حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ مسٹر نائینی نرسمہا ریڈی کو آج اُس وقت الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب اُن کی گاڑی کا ٹائر اچانک پنکچر ہوگیا ۔ ونستھلی پورم میں واقع خانگی دواخانہ کا افتتاح انجام دینے وزیر داخلہ کا قافلہ سعید آباد کے گرین پارک کالونی سے گذر رہا تھا کہ اُن کی گاڑی کا ٹائر اچانک پنکچر ہوگیا اور ڈرائیور نے گاڑی کا توازن کھو دیا۔ قافلہ کو فوری روک دیا گیا اور ان کے سیکوریٹی عملے نے ٹائر پنکچر ہونے کی تصدیق کے بعد انہیں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی کی کار میں روانہ کردیا گیا ۔ تاہم سکیوریٹی عملہ نے وہاں کی ایک مقامی پنکچر کی دکان پہنچ کر ٹائر کی مرمت کے بعد گاڑی اُن کے دفتر منتقل کردی ۔ وزیر داخلہ کو مزید ایک اور مرتبہ الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب وہ دواخانہ کے افتتاح کے بعد لفٹ کے ذریعہ اتر رہے تھے کہ تکنیکی خرابی کے سبب لفٹ میں مسٹر نرسمہا ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی کچھ وقت کیلئے پھنس گئے تھے ۔