تلنگانہ کی ترقی اور چیف منسٹر کی درازی عمر کیلئے خصوصی دعا
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج اجمیر میں درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی غریب النواز ؒ پر حاضری دی اور خصوصی چادر پیش کی۔ محمد محمود علی اپنے افراد خاندان کے ہمراہ دو روزہ دورہ پر اجمیر کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔ ٹی آر ایس پارٹی کی یوم تاسیس تقاریب سادگی سے منانے کے فیصلہ کے بعد انہوں نے تاسیس کے دن اجمیر شریف پر حاضری کا فیصلہ کیا۔ وزیر داخلہ نے افراد خاندان بشمول اپنے پوترے محمد فرقان احمد کے ہمراہ بصد عقیدت و احترام بارگاہ غریب نواز میں حاضری دی اور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست کی ترقی، امن وامان، چیف منسٹر کے سی آر کی درازی عمر اور کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ انہوں نے مرکز میں فیڈرل فرنٹ کی زیر قیادت حکومت کے قیام کے حق میں دعا کی۔ محمود علی نے کہا کہ کے سی آر ملک میں بی جے پی اور کانگریس کے متبادل کے طور پر فیڈرل فرنٹ کے قیام کی تیاری کررہے ہیں۔ تیسرے محاذ کی حکومت حقیقی معنوں میں سیکولر حکومت ہوگی اور عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کرے گی۔ گزشتہ برسوں میں کانگریس اور بی جے پی حکومتیں عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہیں۔ محمد محمود علی نے درگاہ شریف کے ذمہ داروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اجمیر میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے حیدرآبادی رباط کی تعمیر کے مسئلہ پر مقامی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ حکومت نے رباط کی تعمیر کیلئے اراضی خریدی ہے اور سنگ بنیاد کی رسم کے بعد تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے ہزاروں عقیدت مند ہر سال اجمیر شریف میں حاضری دیتے ہیں لہذا خصوصی رباط کی تعمیر سے قیام کی سہولت فراہم ہوگی۔ وزیر داخلہ کل اتوار کو نئی دہلی میں درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء ؒ اور دیگر درگاہوں پر حاضری دیں گے اور رات میں حیدرآباد واپس ہوں گے۔