حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے انہیں بلدی نظم و نسق کا قلمدان حوالے کرنے کے اعلان پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بلدی نظم و نسق کا قلمدان وہ چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے شہر کے تمام مسائل کی یکسوئی کے سنجیدگی سے اقدامات کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے مقصد کی تکمیل کیلئے وہ بحیثیت وزیر بلدی نظم و نسق مساعی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر انتخابی مہم میں انہوں نے عوامی مسائل کا قریب سے جائزہ لیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ نئے قلمدان کے تفویض کئے جانے کے بعد وہ عوام سے انصاف کرپائیں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات کے بعد بلدی نظم و نسق کا قلمدان کے ٹی آر کے حوالے کریںگے۔