گیا ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : وزیر اعظم نریندر مودی کے 9 اگست کو دورہ سے عین قبل بہار پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس نے آج ضلع گیا میں ماویسٹوں کے ایک ٹھکانہ کا پتہ چلا کر اسلحہ و گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کرلیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس ( آپریشن ) سوشیل ایم کو پڑے نے بتایا کہ ہتھیاروں کا ذخیرہ تمنگی پولیس اسٹیشن کے تحت چھترپور گاؤں کے قریب ایک جنگل میں دستیاب ہوا ہے ۔ جس میں 1000 طاقتور جلٹن اسٹکس ( چھڑیاں ) 3 بڑے سلینڈر بم ، اور تاروں کے بنڈل اور ڈیٹونیٹرس شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شبہ ہے کہ ہتھیاروں کا یہ ذخیرہ ماویسٹوں نے یہاں پوشیدہ رکھا ہوگا ۔ پولیس نے ضبط شدہ ہتھیاروں کو جانچ کے لیے روانہ کردیا ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات اور وزیراعظم کے 9 اگست کو دورہ کے پیش نظر مقامی پولیس اور نیم فوجی دستوں سے خصوصی تلاشی مہم شروع کردی ہے جس کے باعث یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ بہار میں ماویسٹوں کے مضبوط گڑھ گیا میں تشدد کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جس میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں کو ہلاک اور کئی ایک نکسلائٹس کو گرفتار کرلیا گیا تھا ۔باور کیا جاتا ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات بی جے پی کیلئے وقار کا مسئلہ بن گئے اور یہ انتخابات سیکولر اتحاد اور بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کے درمیان معرکہ ثابت ہوں گے۔