وزیر اعظم کو ملے تحائف کا دہلی میں ہراج کل سے آن لائین بھی سہولت

نئی دہلی 27 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم کو ملنے والے تحائف کے ہراج کے پہلے دن چھترپتی شیواجی کے ایک مجسمہ کو 22,000 روپئے میں فروخت کیا گیا ۔ اس کی بنیادی قیمت ایک ہزار روپئے مقرر کی گئی تھی ۔ وزارت ثقافت کی جانب سے جاری بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ یہ ہراج نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ میں کیا جا رہا ہے ۔ اس سے ہونے والی آمدنی کو حکومت کے فلیگ شپ پروگرام نمامی گنگے پراجیکٹ پر خرچ کی جائیگی ۔ اس ہراج کیلئے حکومت کی جانب سے ایک ویب سائیٹ بھی بنائی گئی ہے اور اس پر ای ہراج پر پیش کئے جانے والے مومنٹوز کو بھی پیش کیا گیا ہے ۔ ان میں شامل اشیا کی قیمتیں 100 روپئے سے 30,000 روپئے کے درمیان کی ہیں۔ اس ویب سائیٹ کا مشاہدہ کرنے والے افراد قیمتوں کی بنیاد پر اشیا کی تلاش کرسکتے ہیں۔ نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹ نے تاہم یہ نہیں واضح کیا ہے کہ آج ہراج کے پہلے دن کس شئے کی بولی سب سے زیادہ لگائی گئی ۔ گیلری کے بموجب اس کا انکشاف پیر کو کیا جائیگا ۔ اس وقت تک تفصیلی جائزہ لیا جائیگا ۔ دو روزہ ہراج 28 جنوری کو دہلی میں ختم ہوجائیگا جبکہ ای ہراج 29 تا 31 جنوری جاری رہے گا ۔ ان تین ایام میںان اشیا کی ای ہراج ہوگا جو گیلری میں جاری ہراج میں فروخت نہیں ہو پائیں گی ۔ جن اشیا کو ہراج میں شامل کیا گیا ہے ان میں مجسمے ‘ تصاویر ‘ پینٹنگس اور دوسری اشیا جیسے انگ وستر ‘ شالیں ‘ یادگاری سکے ‘ روایتی موسیقی کے آلات ‘ ہیٹس ‘ پگڑیاں اور جیکٹس وغیرہ بھی شامل ہیں۔ مرکزی وزیر ریلوے و کامرس پیوش گوئل کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ منوج تیواری اور میناکشی لیکھی نے ہراج کے مقام کا دوسروں کے ساتھ دورہ بھی کیا ۔