وزیر اعظم کو غریبوں کی کوئی پرواہ نہیں، سماج وادی پارٹی کا بیان

لکھنؤ؍ فیروز پورجھرکہ۔/9اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید جاری رکھتے ہوئے سماج وادی پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ انہیں غریبوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ صرف سرمایہ داروں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی قائد شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ وزیر اعظم کو ملک کے عوام کی خدمت کرنا چاہیئے لیکن موجودہ وزیر اعظم جب امریکہ اور جاپان کے دورہ پر تھے تو انہوں نے تجارت کی باتیں کیں اور وطن واپس آنے کے بعد جھاڑو اٹھالینے کی بات کی۔ وہ پارٹی کے 9ویں قومی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم غریبوں سے روزگار چھین لینے کی باتیں کرتے ہیں، اتنا چالاک وزیراعظم ہم نے کبھی نہیں دیکھا تھا جو ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کو ایک مکار اور سرمایہ دار دوست سے چیلنج درپیش ہے۔ ملائم سنگھ یادو نے اپنی افتتاحی تقریر میں چینی در اندازیوں پر خاموشی اختیار کرنے پر حکومت کی سخت مذمت کی اور کہا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔ چین بار بار ہندوستان کی سرحد پار کرکے دراندازی کررہا تھا۔ دونوں ممالک کی سرحد غیر محفوظ ہے اور چین نے ہمیشہ ہندوستان کو دھوکہ دیا ہے۔آخر حکومت چین کے معاملہ پر خاموشی کیوں اختیار کررہی ہے۔ فیروز پور جھرکہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف چند سرمایہ داروں کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوںنے ادویہ کی قیمتوں پر کنٹرول امریکہ کی چند کمپنیوں کی ایماء پر برخاست کردیا ہے جس کے نتیجہ میں کینسرکی جو دوائیں سابق میں 8ہزار روپئے میں دستیاب تھیں اب ایک لاکھ روپئے میں دستیاب ہیں۔ راہول گاندھی نے ہریانہ کیلئے ایک نیا نعرہ دیا’’ جئے جوان ، جئے کسان، جئے پہلوان‘‘ ان کا یہ نعرہ عالمی سطح کے کئی پہلوانوں کے حوالے سے تھا جو ہریانہ نے ملک کو دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو فخر ہے کہ اس نے اس ریاست پر حکومت کے دوران اسے ترقی دی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے اس دعوی پر تنقید کی کہ ہریانہ ترقی کے لحاظ سے دیگر ریاستوں سے پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ جی ڈی پی اور ملک کی پیداوار کے لحاظ سے ملک بھر میں پہلے مقام پر ہے۔